منگلورو ،23؍ مارچ (ایس او نیوز) جنوبی کینرا میں کووِڈ کی دوسری لہر میں تیزی آنے کے بعد اس پر قابو پانے کے لئے پچھلے کچھ دنوں سے سخت اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندرا کی قیادت میں ضلع انتظامیہ کی ٹیم اور ڈی سی پی ہری رام کی قیادت میں پولیس عملہ نے شہر کے مختلف مقامات پر اچانک دھاوا بول کر کووِڈ پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سرکاری افسران نے پٹرول بنکس، مالس، جیویلری کی دکانوں، پرائیویٹ بسوں اور عام مقامات پر دھاوا بولتے ہوئے ضلع انتظامیہ اور محکمہ صحت کی طرف سے جاری کردہ گائڈ لائنس کی پابندی نہ کرنے اور بالخصوص ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائیاں کیں۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے یہ مشترکہ چھاپہ ماری مہم 22مارچ کی شام 4 بجے کے وقت شہر کے کے ایس راو روڈ سے شروع کی گئی۔
جن پٹرول بنکس کے عملہ نے ماسک پہننے سے انکار کیا، پولیس نے ان کو حراست میں لیا۔ جن نجی بسوں میں کووِڈ گائڈ لائنس کی خلاف ورزیاں ہورہی تھیں ان بسوں کو ضبط کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ صحت عامہ کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی شہر کی تین دکانوں کو بند کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 23 مارچ کی صبح 10بجے سے 12 بجے تک ضلع جنوبی کینرا کے 228 گرام پنچایت اور 279 وارڈس میں بیک وقت کووِڈ پر قابو پانے کے احتیاطی اقدامات اور ٹیکہ کاری کے سلسلے میں عوامی بیداری مہم چلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ ڈی سی یہ بھی بتایا کہ تک اپریل سے کرناٹکا کیرالہ سرحدی علاقے میں آنے جانے والوں کے کووِڈ جانچ رپورٹ کے ساتھ سفر کرنا لازمی قرار دیا جائے گا۔